ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رام مندر کے نام پر بی جے پی عوام کے جذبات بھڑکانے میں مصروف، کسی مسلمان نے رام مندر کی تعمیر کی مخالفت نہیں کی؛ روشن بیگ

رام مندر کے نام پر بی جے پی عوام کے جذبات بھڑکانے میں مصروف، کسی مسلمان نے رام مندر کی تعمیر کی مخالفت نہیں کی؛ روشن بیگ

Thu, 01 Nov 2018 21:32:33    S.O. News Service

بنگلورو، یکم نومبر (ایس او نیوز) سینئر کانگریس لیڈر ورکن اسمبلی جناب روشن بیگ نے آج کہاکہ بی جے پی کی طرف سے رام مندر کے مسئلے کو ایک بار پھر اچھال کر ملک میں مذہبی جذبات کو ہوا دینے اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

آج شہر میں محکمۂ تعلیمات کے زیر اہتمام منعقدہ کرناٹکا راجیواتسوا تقریب کی صدارت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ جہاں تک رام مندر کی تعمیر کا معاملہ ہے ، رام مندر بنے گا تو ہندوستان ہی میں بنے گا ، اسے کوئی پاکستان میں نہیں بنائے گا، غیر ضروری طور پر اس مسئلے کوہوا دینے اور نوجوانوں کے جذبات بھڑکانے کے لئے بی جے پی اور اس کے فرقہ پرست ہمنوا جس طرح کا ماحول بنانے کی کوشش کررہے ہیں اس سے ملک کے عام آدمی خاص طور پر سیکولر ذہن لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ جناب روشن بیگ نے کہاکہ اس مرحلے میں اب جبکہ ایودھیا کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور، جنوری کے بعد عدالت عظمیٰ نے اس معاملے کی سماعت کی تاریخ طے کرنے کا اعلان کردیا ہے۔بے صبری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جس طرح کے اشتعال انگیزبیانات دئے جارہے ہیں ان کا مقصدصاف طور پر واضح ہے کہ رام مندر کے مسئلے پر ملک میں فرقہ وارانہ ماحول کو گرم کیا جائے اور اس سے بی جے پی اپنی سیاسی روٹیاں سینک سکے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے کسی بھی مسلمان نے آج تک ملک میں رام مندر کی تعمیر کی مخالفت نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے مرحلے میں جبکہ انتخابات سر پر ہیں ، بی جے پی اس معاملے پر آرڈیننس لانے کی باتیں کررہی ہے، پچھلے ساڑھے چار سال سے مرکز میں وہی زمام اقتدار سنبھال رہی ہے۔اس دوران بی جے پی کو اس کا خیال کیوں نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام اب اس قدر بے وقوف نہیں ہیں کہ بی جے پی کی ان گمراہ کن باتوں میں آجائیں۔ عوام سمجھ سکتے ہیں کہ بی جے پی ان کے ساتھ دھوکہ کررہی ہے۔ 


Share: